20۔ دعا

درعدن
ایڈیشن 2008صفحہ41

20۔ دعا

منصورہ
بیگم سلمہا کی مسلسل بیماری بڑی ہی پریشان کن تھی کہ اس میں عزیز عبداللہ خان کی ناگہانی
شدید علالت سے دل سخت اضطراب میں مبتلا ہو گیاتھا اسی سلسلہ میں رات کو دعا کرتے کرتے
کچھ دعائیہ اشعار سے موزوں ہو گئے ہیں جو شائع کرنے کے لئے محض اس لئے ارسال ہیں کہ
شاید کسی اور کو بھی عالم درد کی نسبتاً پرسکون گھڑیوں میں ان کا پڑھنا اچھا معلوم
ہو۔”مبارکہ”
مرے مولا مرے ولی و نصیر
مرے آقا مرے عزیز و قدیر
اے مجیب الدعاء سمیع و بصیر
قادر و مقتدر علیم و خبیر
دل کی حالت کو جاننے والے
اپنے بندوں کی ماننے والے
اے ودود و رؤف ربِّ رحیم
اے غفور! اے میرے عفو و حلیم
لطف کر بخش دے خطاؤں کو
ٹال دے دور کر بلاؤں کو
شافی و کافی و حفیظ و سلام
مالک و ذوالجلال و الاکرام
خالق الخلق ربی الاعلیٰ
حی و قیوم ، محیی الموتی
واسطہ تجھ کو تیری قدرت کا
واسطہ تجھ کو تیری رحمت کا
اپنے نامِ کریم کا صدقہ
اپنے فضلِ عظیم کا صدقہ
تجھ کو تیرا ہی واسطہ پیارے
میرے پیاروں کو دے شفا پیارے
(آمین)
”الفضل”24فروری1949ء

اپنا تبصرہ بھیجیں