241۔ ناداں! ناحق کیوں گھبراتا ہے

اشکوں
کے چراغ ایڈیشن 2011  صفحہ359

241۔ ناداں! ناحق کیوں گھبراتا ہے

ناداں! ناحق کیوں گھبراتا ہے
یہ رستہ منزل کو جاتا ہے
بات بنائے سے نہیں بنتی ہے
دل جب آتا ہے آ جاتا ہے
مت مایوس ہو اس کی رحمت سے
وہ داتا تو سب کا داتا ہے
عہد نے جو تصویر بنائی ہے
اس کا ہم دونوں سے ناتا ہے
ہم سب اس کی کوکھ سے نکلے ہیں
یہ دھرتی تو دھرتی ماتا ہے
تُو گھبراتا ہے آئینے سے
آئینہ تجھ سے گھبراتا ہے
سب لمحے زندہ ہو جاتے ہیں
وہ لمحہ جب ملنے آتا ہے
ہم اس عہد کے اندر رہتے ہیں
تُو جس کی تفصیل بتاتا ہے
وہ مالک ہے اپنی مرضی کا
جب چاہے چہرہ دکھلاتا ہے
غربت میں اس گل کے تصور سے
خوشبو سے کمرہ بھر جاتا ہے
مضطرؔ بھی کتنا خوش قسمت ہے
غصّہ پیتا ہے، غم کھاتا ہے
اگست، ١٩٨٨ء
چوہدری محمد علی مضطرؔعارفی

اپنا تبصرہ بھیجیں